کورونا وائرس ‘پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑی واپسی کیلیے پرتولنے لگے

554

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کھیلنے آئے ہوئے غیر ملکیکرکٹرز نے کورونا وائرس کے انکشاف کے بعد وطن واپسی کے لیے پر تولنا شروع کردیے‘ منتظمین پریشان۔ ذرائع کے مطابق میڈیارپورٹس آنے کے بعد جس میں پاکستان میں 2 شہریوں میں کورونا وائرس پایا گیا تھا مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کئی کرکٹرز ، ٹیکنیکل اور سپورٹنگ عملے نے پی ایس ایل کے مزید میچز کھیلنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کوواضح کیا گیا کہ پاکستان میں اس کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے امکانات نہیں ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اہل خانہ پریشان ہیں اور وطن لوٹنے پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہترین سیکورٹی اور انتظامات سے ہمیں کوئی شکایت نہیں تاہم نئی صورتحال سے نمٹنا نہ کسی کے بس میں نہیں ‘ اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔ لہٰذا ہم ایک 2 روز میں پاکستان کرکٹ بورد کو اپنے موقف سے آگا ہ کردیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا جب ان کی توجہ اس نکتہ پر دلائی گئی کہ آپ کے معاہدے میں یہ شق شامل ہے کہ آپ نے مکمل ایونٹ کھیلنا ہے ورنہ معاوضے سے دستبردار ہونا پڑے گا تو ان کا کہنا تھا کہ جان سے زیادہ کچھ عزیز نہیں اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا ۔ اگر ایسی کوئی قانونی صورتحال سامنے آئی تو بہرحال اپنی زندگی کو ترجیح دیں گے۔دوسری جانب نمائندہ جسارت نے جب اس سلسلے میں فرنچائز اورپی سی بی ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور ردعمل جاننے کی کوشش کی تو کوئی جواب موصول نہیں ہوسکا۔ تاہم پی سی بی کراچی میڈیا منیجر کی جانب سے جو جواب موصول ہوا اس کے مطابق ‘سب کچھ اپنی جگہ ٹھیک چل رہا ہے۔