حیدرآباد میں کورونا وائرس کے شبہے میں ایک شخص اسپتال منتقل

300

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کے شبے میں ایک شخص کوسول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیاقت یونیورسٹی اسپتال میں 12بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے شبے میں ایک شخص کوسول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مذکورہ شخص چند روز قبل ایران سے پاکستان آیا تھا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تسلی کے لیے اسپتال میں رکھا گیاہے ۔لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد میں کورونا وائرس کے حوالے سے قائم آئسولیشن وارڈ کااسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے علاج معالجےاور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آئسولیشن وارڈ کے عملے ، فوکل پرسن و ذمے داران کو ہدایت کی کہ وہ وارڈ میں تمام تر ضروری انتظامات مکمل رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے جبکہ آئسولیشن وارڈ میں موجود 6بستروں کے ساتھ ہی اب مزید 6 بستروں کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے اس طرح یہ آئسولیشن وارڈ 12بستروں پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے وہاں موجود عملے و دیگر افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں کسی بھی طرح کی موذی بیماریوں سے پریشان نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی افواہوں پر دھیان دینا چاہیے ۔ سول ہسپتال حیدرآباد میں مختلف امراض کے سینئر پروفیسر ، اسسٹنٹ پروفیسر ، کنسلٹنٹ 24گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہیں اس کے علاوہ ہسپتال میں جدید مشینوں سے کرائے جانے والے پیتھالوجی ٹیسٹوں کی سہولیات بھی موجود ہے اگر کسی بھی قسم کا کوئی بھی مریض آتا ہے تو اُسے یہاں ہر طرح کی سہولت دینے کیلیے 24گھنٹے ڈاکٹر و عملہ دستیاب ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی ، اے ایم ایس ڈاکٹر شوکت علی لاکھوسمیت دیگر بھی موجو دتھے۔