سوشل میڈیا مجوزہ قانون کیخلاف وفاق کو ایک اور نوٹس جاری

116

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا مجوزہ حکومتی قوانین کے خلاف ایک اور کیس میں وفاق حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر فریقین کو14 روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی ایک شہری چودھری شفیق کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں سوشل میڈیا کے حوالے سے رولز 2020ء کو چیلنج کیا گیا ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا کو کنٹرول کرکے آزادی اظہار رائے کو چھیننا چاہتی ہے اس کے علاوہ سوشل میڈیا رولز 2020ء پر عمل درآمد کے لیے نیشنل کوارڈینیٹر تعینات کیا جارہا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا رولز 2020ء آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے سے متصادم ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 14 روز میں تحریری جواب طلب کر لیا۔