پاکستان اورامریکا کی تجارت میں 4.24 فیصد اضافہ

220

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔اس حوالہ سے ا سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر جنوری 2020ء تک کے عرصہ میں پاک امریکا دوطرفہ تجارت کا حجم 3.662 ارب ڈالر رہا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.24 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 3.513 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.440 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.12 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکا کو 2.336 ارب ڈالر مالیت کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔جنوری 2020 ء میں امریکا کو 366.24 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی، گزشتہ سال جنوری میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کاحجم 347.36 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 7 مہینوں میں امریکاسے درآمدات پر 1.222 ارب ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.53 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکا کو 1.147 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔