کورونا وائرس مارکیٹ پر خوف سرمایہ نکالنے کا رجحان بڑھ گیا

107

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بھی متاثر کرنے لگا، وائرس کے دو کیسز سامنے پرخوف کے باعث مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے رجحان دیکھنے میں آیا اورابتدائی اوقات میں شدید مندی چھائی رہی تاہم بعد ازاں حکومتی نمائندوں کے اطمینان بخش اعلانات کے باعث صورتحال میں بہتری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید 251.01 پوائنٹس کمی سے 38087.32 پوائنٹس کی سطح پر آگیااو244کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 78 ارب روپے ڈوب گئے ۔البتہ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 68.53فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی پاکستان میں کرونا وائرس پہنچنے کی اطلاعات پر سرمایہ کارتذبذب کا شکار رہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا دبائو دیکھنے میں آیااور مارکیٹ میںشدید مندی چھاگئی اور ابتدائی ڈیڑھ گھنٹے میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1400سے زائد پوائنٹس گر گئے جس سے انڈیکس 36920پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں حکومت کی جانب سے صورتحال قابو میں ہونے کے بیانات سامنے آنے کے بعد سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری شروع کی گئی جس سے ریکوری آئی اورمندی کے اثرات محدود ہوگئے لیکن مکمل طور پر زائل نہ ہوسکے اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 251.01پوائنٹس کمی سے 38087.32 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 68.41 پوائنٹس کمی سے 17579.21 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس290.99پوائنٹس کمی سے 26396.96 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روز 361 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 103 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ244 میں کمی جبکہ15 میں استحکام رہا۔ بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 78 ارب 43 کروڑ 52 لاکھ روپے کی کمی سے 71 کھرب 24 ارب 56 کروڑ 71 لاکھ روپے ہوگئی۔ جمعرات کو 24 کروڑ 92 لاکھ 43 ہزار شیئرز کاکاروبار ہوا جو بدھ کے مقابلے میں 10 کروڑ 13 لاکھ 99 ہزار شیئرز زائد ہے ۔قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے حساب سے سیپ ہائر فائبر کے حصص کی قیمت44.89روپے کے اضافے سے 889.88 روپے اورآئی سی آئی کے حصص کی قیمت 31.65 روپے اضافے سے 712.51 روپے ہوگئی۔جب کہ نمایاں کمی کے لحاظ سے نیسلے پاکستان کی قیمت 245.45 روپے کمی سے 7554.55روپے اوریونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت100روپے کمی سے 7200 روپے ہوگئی ۔