بھارتی ظلم وجبر کیخلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایاجائے‘ امیر العظیم

185
لاہور: جماعت اسلامی کے سکرٹری جنرل امیر العظیم تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے بھارت میں مسلمانوں سمیت مظلوم اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف آج یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں شہریت قانون کے خلاف مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں طویل عرصے سے احتجاج کر رہی تھیں مگر ٹرمپ کی آمد پر اس احتجاج کو کچلنے کے لیے آر ایس ایس کے غنڈوں کو جلائو ، گھیرائو اور قتل عام کی کھلی چھوٹ دی گئی ۔ پولیس اور دیگر فورسز نے اقلیتوں کو تحفظ دینے کے بجائے آر ایس ایس کا ساتھ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے ظلم و جبر کا جو بازار کشمیرمیں گرم کر رکھا تھا ، اسے پورے بھارت میں پھیلا دیا گیاہے ۔ لاکھوں مسلمانوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے ، مساجد و مدارس اور بستیوں کو جلایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ،اقوا م متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارت میں ہونے والے قتل عام کا نوٹس لینا ہوگا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری مجرمانہ خاموشی ترک کر کے اپنی ذمے داریوں کا احساس کرے اور بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کا قتل عام رکوائے ۔امیر العظیم نے قوم سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی فسادات کے شہدا اور زخمیوں کے لیے دعائیں کی جائیں اور ملک بھر میں بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں ۔