پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مزید بچوں میں پولیو کی تصدیق

120

اسلام آباد/ پشاور (اے پی پی/ آن لائن) پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کی تحصیل لکی مروت کی رہائشی 32ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ بچی کے والدین نے بچی کو حفاظتی ٹیکز جات نہیں لگوائے تھے۔ رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد11ہوگئی ہے۔ کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میںپولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کوپولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق صوبے میں پولیو کا نیا کیس سبی کے علاقے سے سامنے آیا ہے جہاں 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے سے انکاری رہے ہیں۔ رواں سال یہ پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں نیا پولیو کیس ضلع ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل تونسہ سے رپورٹ ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ لال خان کی عمر 8 ماہ ہے، بچے کی دائیں ٹانگ پولیو وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئی۔ بچے کی ویکسی نیشن ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے۔ انسداد پولیو پروگرام نے نیا کیس سامنے آنے کے بعد نئی پولیو مہم کا اعلان کر دیا ہے، 16 مارچ سے ڈی جی خان میں 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔