حکومت سندھ: میونسپل ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلیے پیشکشیں طلب

176

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کے شعبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ (پی پی پی یو) نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے میونسپل ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایم ڈبلیو ٹی پی) کے منصوبے کیلیے آئندہ ماہ کے آغاز میں دلچسپی رکھنے والے اداروں سے پیشکشیں مارچ کے پہلے ہفتے میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں پی پی پی یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود شیخ نے جسارت کے استفسار پر بتایا ہے کہ مذکورہ منصوبے پر عمل درآمد سے ناصرف سائٹ کی صنعتوں کی پانی کی ضروریات پوری کی جاسکے گی بلکہ شہر اور صنعتی علاقوں سے خارج ہونے والے میونسپل ویسٹ اور صنعتی زہریلے پانی کو صاف بھی کیا جاسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت یومیہ 40 تا 50 ملین گیلن گند آب کو ری سائیکل کرکے صنعتی اداروں کو فراہم کیا جاسکے گا جس کے نتیجے میں سائٹ کی صنعتوں کی پانی کی طلب پوری ہوسکے گی۔ خالد محمود شیخ نے بتایا کہ ٹینڈرز کے تحت خواہشمند اداروں کی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے کنٹریکٹ دینے کی کارروائی ایک ماہ کے اندر مکمل کرلی جائے گی جس کے بعد پروجیکٹ پر عملی کام بھی شروع کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ نجی پاور پروجیکٹ حبکو نے 40 تا 50 ایم جی ڈی ری سائیکل پانی سائٹ کی صنعتوں کو فراہم کرنے کیلیے میونسپل ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کیلیے گزشتہ سال مارچ میں بن مانگی تجویز حکومت کو دی تھی۔ تاہم حکومت سندھ کے محکمہ فنانس کا شعبہ پی پی پی یونٹ بھی اس سلسلے میں پہلے ہی سے غور کر رہا تھا تاکہ سائٹ کی صنعتوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلیے ٹریٹمنٹ پلانٹ نمبر ایک پر میونسپل ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا جاسکے۔ اس لیے حبکو کی بھی تجویز کو سامنے رکھ کر اس ضمن میں کارروائی تیز کی اور ضروری امور مکمل کرکے مذکورہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب اور دیگر امور اور ٹھیکا بین الاقوامی کمپنیوں کو دینے کیلیے ٹینڈرز مارچ کے پہلے ہفتے میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔