سندھ ہائیکورٹ: ڈاکٹر محمودحیدر کا بطورپرووسٹ کے ایم ڈی سی تقرر معطل

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ریٹائرڈ ہونے والے پرنسپل دندان ساز ڈاکٹر محمود حیدر کے بحیثیت پرووسٹ تقررکا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے اور مقدمے کی آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت 17 مارچ مقرر کی گئی ہے۔یادرہے کہ میئر وسیم اختر نے 13 فروری کو 2 احکامات کے تحت کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈاکٹر محمود حیدر کو پرووسٹ کی اسامی پر تقرر کرتے ہوئے ان کی ملازمت بدستور رکھنے اور کالج کے لیے پرنسپلز کی 2 اسامیاں تخلیق کرکے شعبہ دندان کے لیے پروفیسر ڈاکٹر شیراز حسین اور میڈیکل کے لیے پروفیسر ڈاکٹر ارشد شیخ کو پرنسپل مقرر کر دیا تھا۔ مذکورہ احکامات پر کالج کے سینئرپروفیسر نے احتجاج کرتے ہوئے عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کسی ریٹائرڈ پروفیسر یا افسر کادوبارہ تقرر عدالت عظمیٰ کے حکم کی خلاف ورزی ہے جبکہ کالج میں پرنسپلز کی 2اسامیوں کی تخلیق اور ان پر 2 پروفیسر زکا تقرر حکومت کی منظوری کے بغیر نہیں کیا جاسکتا۔