امریکا دھوکے باز ، خطے میں اس کی ترجیح بھارت ہے ، لیاقت بلوچ

121

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکا دھوکے باز ہے ، خطے میں اس کی ترجیح بھارت ہے ۔ عمران خان جب تک ملک کے اندر سیاسی ، پارلیمانی اور اقتصادی استحکام نہیں لاتے ، دنیا کی کوئی طاقت مدد نہیں کرے گی ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متفقہ قومی کشمیر پالیسی اور اخلاص نیت کے ساتھ جہاد فی سبیل اللہ کے جذبے سے جدوجہد ناگزیر ہے ۔ ٹرمپ نے پہلی مرتبہ کشمیر کی بات کی اس کے بعد نریند ر مودی نے مقبوضہ کشمیر پر فاشٹ حملہ کردیا اس پر امریکا خاموش ہے ۔ دوسری مرتبہ عمران خان کو دوست قرار دیا اور ناجائز اسرائیل کے دارالحکومت کو تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے ساتھ صدی کی بدترین ڈیل فلسطینیوں کوآزادی کے حق سے محروم کرنے کے لیے مسلط کردی اب پھر ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کا ذکر کیا ہے تو پاکستان میں پھر جھوٹی امیدیں وابستہ کی جارہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میں معززین کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 72 سال میں فوجی آمرانہ نظام ، ریاستی اداروں کی مدد سے بنایا سیاسی نظام اور پاپولر سیاست اور قیادت کے گرد عوام کے ہجوم کو اکٹھا کر دینے کا انجینئرڈ فارمولا ناکام ہوگیا ہے ۔ پی پی پی ، مسلم لیگ کی ناکامیوں کے بعد عمران خان حکومت بھی پہلے سے زیادہ بدتر نتائج کے ساتھ ناکام ہے ۔ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے کہ سیاسی اور جمہوری قوتیں قومی ترجیحات پر قومی معاہدہ کریں ۔ ریاستی ادارے انتخابات میں مداخلت کے بجائے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا ماحول بنائیں اور نتائج قبول کریں ، نیز تمام اسٹیک ہولڈرز آئینی حدود اور دائرہ کار کی پابندی کریں ۔