دُنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد چین میں سب سے زیادہ

464

شنگھائی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ممالک کی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے خصوصاً خود چین کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جب کہ اس دوران حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ وبا کی وجہ سے کئی چینی امرا کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شہروں کی بندش اور لوگوں کے گھروں میں رہنے سے ادویہ سازی اور آن لائن انٹرٹینمنٹ کا کاروبار کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے۔ دولت مندوں کی نئی فہرست کے مطابق گزشتہ برس امریکا کے مقابلے میں چین میں تین گنا زیادہ افراد ارب پتی بنے اور بلینیئر کلب کے کئی نئے ارکان ادویہ سازی اور انٹرٹینمنٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ شنگھائی میں قائم شیماؤ شینکونگ انٹرنیشنل سینٹر کی ’’ہورون گلوبل رِچ لسٹ 2020ء‘ کے مطابق یکم فروری 2019ء سے 29 فروری 2020ء کے دوران چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں 182 افراد کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جب کہ امریکا میں نئے ارب پتی افراد کی اسی عرصے میں ریکارڈ تعداد 59 تھی۔ رپورٹ کے بانی اور ادارے کے چیئرمین روپرٹ ہوج ورف نے بتایا کہ اب چین کے ارب پتی افراد کی تعداد امریکا اور بھارت کے ارب پتی افراد کی مجموعی تعداد سے زیادہ ہو چکی ہے۔ امریکا میں 629 اور بھارت میں 137 افراد ارب پتی ہیں۔ چین کے ارب پتی افراد کی فہرست میں 799 نام شامل ہیں۔