حادثات و واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق

129

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) حادثات وواقعات میںپولیس اہلکارسمیت 4افراد جاںبحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود قذافی ٹاؤن کے قریب تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوران علاج چل بسا ، متوفی کی شناخت 40 سالہ عبدالوحید کے نام سے کی گئی ، ایس ایچ او عامر رفیق نے بتایا ہے کہ متوفی پولیس اہلکار تھا اور 15 مددگار میں تعینات اور پوسٹنگ 15 مددگار گل احمد چورنگی آفس میں تھی ، حادثہ کا ذمے دار ڈارئیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دی ہے ، تاہم سی پی ایل سی کی مدد سے گاڑی کی رجسٹریشن کے ذریعے مالک کو حراست میں لیا جائے گا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔ادھرکھوکھراپار تھانے کی حدود سعودی کالونی کے قریب قائم نجی بینک کے باہر بیٹھے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ نے اپنے سے میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ایس ایچ او فاروق نے بتایا ہے کہ متوفی کی شناخت 48 سالہ شیرمحمد ولد احمد خان کے نام سے ہوئی ہے ، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نجی بینک کے باہر بیٹھا ڈیوٹی دے رہا تھا ،اچانک گولی چلنے کی آواز سنائی دی گئی اور بینک میں موجود عملے نے باہر آکر دیکھا تو سیکورٹی گارڈ زمین پر پڑاہوا تھا ، عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ متوفی نے خود سر پر گولی چلائی ، تاہم پولیس بینک کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہی ہے۔علاوہ ازیں سٹی ریلوے پولیس اسٹیشن کی حدود کیماڑی کے پی ٹی گراؤنڈ کے پاس مال گاڑی سے ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، مقتول چہرے سے پٹھان معلوم ہوتا ہے ، جسے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے ، تاہم پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔نیو کراچی کے علاقے نیو کراچی بشیر چوک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ، جسے پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے قانونی کارروائی کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ 25 سالہ متوفی سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی،تاہم حتمی وجہ موت پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر معلوم ہوگی ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد دونوں لاشیں سرخانے میں رکھوادیں۔