زرداری کے فرنٹ مین کیخلاف تحقیقات مکمل نہ ہونے پر عدالت برہم

192

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں نیب حکام نے سابق صدر آصف زرداری کے مبینہ فرنٹ مین علی حسن زرداری اور دیگر کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سے آگاہ کردیا، عدالت تحقیقات مکمل نہ کیے جانے پر نیب حکام پر برہم، ملزمان کے خلاف 3 ماہ میں تحقیقات مکمل کر نے کی ہدایت، بصورت دیگر ڈی جی نیب کو طلب کرنے کا عندیہ دیدیا، ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ جمعرات کو چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کی انکوائری اور ضمانتوں سے متعلق سابق صدر آصف زرداری کے مبینہ فرنٹ مین علی حسن زرداری، وزیر علی نورانی، جہانگیر نظامانی اور محمد خان زرداری سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی، نیب نے عدالت کو آگایہ کیا کہ علی حسن زرداری سمیت دیگر 530 بلین کی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں اور ملزمان کی 60 مختلف جائدادوں اور بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگا چکے ہیں، ملزم اور اس کے ساتھیوں کی جائداد اور مختلف اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات کیلیے الیکشن کمیشن، ڈی سی نواب شاہ سمیت دیگر کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔