پاکستان نہیں بھارت خود اپنے آپ کو تباہ کرلے گا،صدر مملکت

145

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، پاکستان بھارت کو تباہ نہیں کرے گا بلکہ بھارت خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا۔ جمعرات کواسلام آباد میں ’’شدت پسند بھارت اور ذمے دار پاکستان‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے اس پرعالمی برادری کے رد عمل کا یہی وقت ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسلمان امن پسند ہیں لیکن بھارت میں سیاست دان امن پسند نہیں ہیں، میرے رشتے دار اب بھی بھارت میں ہیں، وہاں کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہے۔مقبوضہ کشمیرکے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔صدر پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کشمیریوں سے ہے،کشمیر کی زمین سے نہیں، جو کشمیریوں کی تصاویر منظر عام پر آرہی ہیں، ان تصاویر نے پوری دنیا کو ہلا دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال 27 فروری کوپاک فوج نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی،پاک فضائیہ نے بھارتی جہاز گرا کر بھارتی فوج کے غرورکو خاک میں ملایا، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جمہوری تحریک اور اقدار کی بنیاد پر وجود میں آیا، پاکستان تمام اقلیتوں کا احترام کرتا ہے، بھارت کی پارلیمنٹ میں کہا گیا کہ قائد اعظم نے بہت پہلے ہی دوقومی نظریے کے بارے میں بتادیا تھا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دفاع کے شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر کے کمانڈر ان چیف اور وزیر دفاع جنرل محمد احمد ذکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔