آئی ایم ایف مشن کی پاکستان کو تیسری قسط جاری کرنے کی سفارش

307

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)مشن نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط جاری کرنے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کیلئے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان قرض کی اگلی قسط کے اجرا کیلئے مذاکرات مکمل ہوگئے جس کے بعدآئی ایم ایف مشن نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کردی ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قسط جاری کرنے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ دے گا،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے شروع میں متوقع ہے۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں ماہ پاکستان کے دورے پر تھا اور اس دوران وفد نے اعلی حکام سے مذاکرات کیے تھے۔

3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے دوران وقتا فوقتا قسط وار جاری کیے جائیں گے،پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکی ہیں۔