کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ؛ ملازمین کو حاضری لگانے سے روک دیا گیا

811

پاکستان میں کرونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے ماتحت دفاتر کے ملازمین کو احتیاطی تدابیرکے طور بائیو میٹرک مشین سےحاضری  لگانے سے عارضی طور پر روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے ماتحت دفاتر کے ملازمین کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی،اس حوالے سے محکمہ ریلیف نے ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس اور پیرا ایبٹ آباد کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دفاتر میں روایتی طریقے سے گلے ملنے اور ہاتھ نہ ملانے سے متعلق ملازمین کو شائستگی سےسمجھایا جائے، دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری کو بھی وقتی طور پر روکا جائے،سائیڈ ریلنگ، دروازوں پردستک وغیرہ سے گریز کیا جائے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام دفتری اشیا، کمپیوٹر کیبورڈ، ٹیلی فون اور فیکس مشین وغیرہ کو چھونے کے لئے مناسب اور عارضی دستانوں کا بندوبست کیا جائے، کسی بھی ملازم کو زکام کی تکلیف کی صورت میں ماسک لازمی استعمال کیا جائے، ماسک کو ایک دن سے زیادہ استعمال سے گریز کیا جائے۔

محکمہ ریلیف کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام باتھ روم سے تولیے ہٹانے اور صاف ستھرے تولیے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسی بھی ملازم کو کھانسی زکام کی صورت میں فوری ہسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں ہیں۔