مذہبی امور ذیلی کمیٹی کا حکومت سے حج کرایوں میں مزید کمی کی سفارش

164

ٓاسلام آباد(آن لائن) سینیٹ کی مذہبی امور کی ذیلی کمیٹی نے حکومت سے حج کرایوں میں مزید کمی کی سفارش کردی ہے جبکہ پی آئی اے حکام نے حج آپریشن کو غیر منافع بخش قرار دیتے ہوئے حج کرایوں میں کمی سے انکار کردیا ہے ۔ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئرحافظ عبدالکریم کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امورسمیت پی آئی اے حکام نے شرکت کی اجلاس میں حج
2020ء کے لیے ائرلائن کے کرایوں کا معاملہ زیر غور آیا۔اجلاس میں کمیٹی کے کنوینر حافظ عبدالکریم نے کہاکہ ذیلی کمیٹی کا مقصد حج 2020ء کو پاکستانی حاجیوں کے لیے آسان کرانا ہے ہم چاہتے ہیں کہ حج اخراجات جتنا ممکن ہو کم ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ پی ائی اے کا عمرہ کا ٹکٹ 60ہزار تک میسر ہے تو حج ٹکٹکے لیے ایک لاکھ 40ہزار روپے کیوں لیے جا رہے ہیں۔جس پر پی آئی اکے جنرل منیجر نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت عمرے کا ٹکٹ 73ہزار کا ہے جبکہ حاجیوں کو سعودی عرب لے جانے والا جہاز واپسی پر خالی آتا ہے اور واپسی پرحاجیوں کو لانے والا طیارہ بھی سعودی عرب خالی بھیجا جاتا ہے جس کی وجہ سے حج کا ٹکٹ عمرے کی نسبت مہنگا ہوتا ہے ۔انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت پی آئی اے کے ٹکٹ پر عاید 13ہزار فی حاجی ٹیکس چھوڑ دے تو اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے اور ٹکٹ 13ہزار روپے سستا ہوجائے گا ۔اس موقع پر وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری نے کہاکہ وزارت کی درخواست پر کابینہ نے پی آئی اے کے حج کرایہ میں 50ڈالر کمی کی ہدایت کی ہے ۔کمیٹی حاجیوں کو ٹکٹ میں 13ہزار روپے ٹیکس سے استثنا دینے ،حاجیوں سے سروس چارجز کی مد میں 3500روپے ختم کرنے اورمکہ،مدینہ میں حاجیوں کے لیے رہائش کے اخراجات کو گزشتہ سال کی قیمت پر رکھنے کی سفارش کی ہے ۔