ٹنڈوالہٰیار، محکمہ تعلیم کے کلرک منٹھار میرجت کی قاتل ان کی اہلیہ نکلیں

457

ٹنڈوالہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالہٰیار کے قریب تھانہ عمر ساند کی حدود میں قتل ہونے والے محکمہ تعلیم کے کلرک منٹھار میرجت کی قاتل ان کی اہلیہ نکلیں۔ 3 ماہ قبل ٹنڈوالہٰیار ضلع کے تھانہ عمر ساند کی حد میں گاؤں علی شیر مہاجر کے گورنمنٹ ہائی اسکول میں مقرر کلرک منٹھار علی میرجت جو کہ گھر سے نکلنے کے بعد اچانک گم ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ورثا نے ان کے اغوا کا کیس عمر ساندھ تھانہ پر داخل کروایا تھا، 2 ماہ گزرنے کے بعد منٹھار میرجت کی لاش موٹر سائیکل سے بندھی ہوئی شاہپور رضوی کے قریب نصیر کینال سے برآمد ہوئی تھی۔ مقتول کے بیٹوں نے والد کے قتل کیخلاف احتجاج کیا تھا۔ 3 ماہ گزرنے کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس نے بتایا کہ مقتول کی اہلیہ مسمات ساجدہ میرجت نے اپنے آشنا علی حیدر میرجت سے مل کر اپنے شوہر منٹھار میرجت کو موٹر سائیکل سے باندھ کر نصیر کینال میں پھینک کر قتل کردیا تھا۔ پولیس نے مقتول کی اہلیہ ساجدہ، اس کے آشنا علی حیدر میر جت اور اس کے ساتھی غلام شبیر خاصخیلی کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر تھانہ عمر ساند کی پولیس نے بتایا کہ مقتول منٹھار میرجت اپنی اہلیہ ساجدہ میرجت کے ساتھ واقعہ والے دن درگاہ معصوم شاہ پر گیا، درگاہ سے واپسی پر مقتول کی اہلیہ نے کسی بہانے سے شوہر کو نصیر کینال کے کنارے پر کھڑا ہونے کا کہا، جس کے بعد علی حیدر میرجت اور اس کے ساتھی غلام شبیر خاصخیلی نے آکر منٹھار میرجت کو زبردستی موٹر سائیکل سے رسیوں کے ساتھ باندھ کر زندہ نصیر کینال میں پھینک دیا۔ مقتول منٹھار میرجت کی لاش 2 ماہ بعد نصیر کینال میں موٹر سائیکل سے بندھی حالت میں برآمد ہوئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کا 3 دن کا ریمانڈ لیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہے۔