نعمت اللہ خان امانت و دیانت کی مثال تھے، غلام رسول احمدانی

237

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین امیر مولانا غلام رسول احمدانی، نائب امرا اضلاع اللہ بچایو ہالیپوتہ، سید دائود شاہ گیلانی، عبدالکریم بلیدی، محمد موسیٰ ملاح، جنرل سیکرٹری علی مردان شاہ، ڈپٹی جنرل سکرٹریز جواد سعید خان، محمد عظیم، الخدمت فائونڈیشن ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ و دیگر نے سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔ تعزیتی بیان میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر مولانا غلام رسول احمدانی نے کہا کہ نعمت اللہ خان کراچی شہر میں امانت و دیانت کی مثال تھے، 89 سال کی زندگی خدمات کی عملی تصویر ہے، ان کی وفات سے بدین سمیت سندھ بھر کے لوگ ایک حقیقی محسن سے محروم ہوگئے۔ بعد ازاں بدین پریس کلب کے صدر ملک محمد الیاس، مسلم لیگ ق سندھ کے صدر، سابق سٹی ناظم طارق حسن نے سابق سٹی ناظم کراچی کے گھر جاکر نعمت اللہ خان کی وفات پر ان کے بیٹوں سے تعزیت کی۔ نعمت اللہ خان کی وفات پر بدین پریس کلب میں سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان دعا مغفرت کی گئی۔ بدین پریس کلب کے صدر ملک محمد الیاس، جنرل سیکرٹری شوکت میمن و دیگر سینئر صحافیوں عبدالمجید ملاح، اللہ رکھیو نعیم، دودو پنہور، عبداللطیف زرگر، مرتضیٰ میمن، عمران عباس، اشفاق میمن، خالد عزیز عباسی، انیس میمن، محمد علی بلیدی، سید اختر شاہ، عبدالسلام عمرانی، سارنگ لطیف جونیجو، امین کھٹی و دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بدین پریس کلب کے صدر ملک محمد الیاس نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک باکردار شخصیت کے مالک تھے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، ہم سب کو نعمت اللہ خان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ حیدر آباد یونین اور آف جرنلسٹ کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدین میں جب سیلاب نے تباہی مچائی تو نعمت اللہ خان نے فوری بدین پہنچ کو بدین کو تباہی سے بچایا، لاکھوں بے گھر ہونے والوں کو راشن فراہم کیا اور بدین ضلع کے مختلف شہروں میں خیمہ بستیاں قائم کیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کو گھر تعمیر کرکے دیے اور متاثرین سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ بدین شہر کے متاثرہ افراد کی اجتماعی شادیاں کروائیں جوکہ ان کی خدمات کا زندہ ثبوت ہیں۔ نعمت اللہ خان کی جانب سے عوام کے لیے کی گئی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔