دردانہ صدیقی ، اسما سفیرکی نعمت اللہ خان کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت

198

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )پاکستان کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی،جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )کراچی کی ناظمہ اسما سفیر،معتمدہ کراچی فرح عمران اورنائب ناظمہ کراچی حمیراخالد نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اہل خانہ اور لواحقین سے ملاقات اور دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر نائب قیمہ رعنا فضل، تسنیم معظم ، عالیہ منصور، صائمہ افتخار، ثمینہ قمر و دیگر ذمے داران عزیزو اقارب سمیت جماعت اسلامی کی خواتین ارکان بڑی تعداد میں موجود تھیں ۔اس موقع پر درس قرآن دیتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ دنیا دارالعمل ہے ،انسان نے زندگی کے لمحات کو کیسے استعمال کیا یہی انسان کا امتحان ہے،ذمے داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرنا انسان کا اصل امتحان ہے،نعمت اللہ خان نے چیلنج قبول کرکے شب و روز کی محنت کے بعد شہر کی گل ہوتی روشنیوں کو دوبارہ بحال کیا، مسائل کا رونا رونے کے بجائے عملی کام کیے اور ذمے داری کی احسن ادائیگی کرتے ہوئے بامقصد زندگی گزاری،دنیا طلبی کے بجائے ہمیشہ نظریے کو زندہ رکھا ،اس نظریے کو اختیار کیا جو اللہ کے بندوں کی خدمت اللہ کی رضا تک جانے کا راستہ ہے۔نعمت اللہ خان پوری جماعت اسلامی کا سرمایہ تھے ،اللہ کا کرم ہے کہ جماعت کے دامن میں اللہ نے ہیرے موتی لعل عطا کیے ۔نعمت اللہ خان نے بلا تفریق رنگ و نسل ،مذہب سب کی خدمت کی اور میرٹ کے نظام پر کام کیا۔ہمیں آج اسی معیارکے انسانوں کی ضرورت ہے ۔دریں اثنا نائب ناظمات کراچی شمینہ عتیق ،جاوداں فہیم ،شیبا طاہر، ثنا علیم، سمیہ عاصم ودیگر نے نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحو م کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔