ردالفساد کے ثمرات آنا شروع ہوگئے،دنیا دہشتگردی کیخلاف متحد ہوگئی،وزیراعلیٰ سندھ

298

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد کے ثمرات آنا شروع ہوگئے‘ دہشت گردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘ دہشت گردوں کی کوئی قومیت اور مذہب نہیں ہوتا ہے اور ان کا بنیادی مقصد انسانیت کے خلاف کام کرنا ہے‘ اب بین الاقوامی برادری مجموعی طور پر دہشت گردی کے خلاف متحد ہوگئی ہے اور ان کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایک مقامی ہوٹل میں پاکستانز ایکشن ٹو کائونٹر ٹیررازم (پی اے سی ٹی) سندھ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں یورپی یونین کی سفیر آندرولہ کیمی نارہ، سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان میں خارجہ اور ملکی پالیسی اقدامات کو یکجا کیا گیا ہے جس کا مقصد دہشت گرد
تنظیموں کا سراغ لگانا، ان کا پیچھا کرنا، ملک بھر میں متوسط طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک موثر اقدامات کیے گئے جن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں‘ حکومت پاکستان کے ان اسٹریٹجک اقدامات کا مقصد استحکام اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانا ہے‘ ملکسی پیک کے ذریعے معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے انسداد ہشت گردی کے خلاف جنگ میںبے پناہ قربانیاں دینے پر قانون نافذ کرنے والے تمام اداروںکو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی اے سی ٹی پروجیکٹ پولیس، پراسیکیوشن اور عدلیہ سمیت سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو تفتیش میں مدد و تعاون فراہم کرے گا جبکہ این اے سی ٹی اے جیسے وفاقی اداروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے میں بہتری لائے گا۔ دریں اثناوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے یورپی یونین کے سفیر انڈرولہ کیمی نارہ نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے انسانی حقوق سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دیہی علاقوں میں غربت کو کم کرنے کیلیے حکومت سندھ کی کوششوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔