ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے

288

ملتان (نمائندہ خصوصی) پی ایس ایل5 کے 8 ویںمیچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو6وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 124 رنز کا ہدف31 گیندوں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا
کر پشاور زلمی کو18.3اوورز میں 123 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ مہمان ٹیم کے محض3 بلے باز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ نوجوان کرکٹر حیدر علی6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے47 رنز بنا کر پشاور زلمی کے نمایاں بلے باز رہے۔ لیام ڈاسن 22 اور کامران اکمل 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد الیاس اور محمد عرفان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں رائیلی روسو اور خوشدل شاہ کے درمیان 77 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔رائیلی روسو 49 اور خوشدل شاہ 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔دونوں کھلاڑیوں کی انفرادی اننگز میں مجموعی طور پر 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں شاندار بولنگ کرنے پر سہیل تنویر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوںگی۔