پاکستان میں منشیات کیخلاف بہترین کام ہورہا ہے، شہریار آفریدی

178

کراچی (آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں منشیات کیخلاف بہترین کام ہورہا ہے، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ملک کو نوجوانوں نے ہی سنبھالنا ہے ہمیں نشے سے جان چھڑانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام انسداد منشیات سے متعلق سیمینار سے خطاب
کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربانی چانسلر اقرا یونیورسٹی حنید لاکھانی، وائس چانسلر جامعہ اردو پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیرودیگر بھی موجود تھے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات پاکستانی قوم کے آگے ایک بڑا مسئلہ ہے، 2013ء میں نشے کا رجحان بڑھ رہا تھا تب سے میں نے اسے روکنے کا عزم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں قربانیاں دینے سے بنتی ہیں، منشیات کے خلاف بیداری کے لیے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مسلمانوں کو دنیا میں اپنی پہچان خود بنانی ہوگی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس بہت اچھا کام کررہی ہے۔ اے این ایف کی ذمے داری ہے منشیات کو روکنا ہم نے زندگی ایپ کے ذریعے والدین اور بچوں کے لیے منشیات کے متعلق تمام آگاہی فراہم کردی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنید لاکھانی نے کہا کہ آج کی تقریب خاص طور پر منشیات کے خلاف بیداری کرنے کے حوالے سے بچوں کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ شہریار آفریدی کو اقرا یونیورسٹی آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔