سلامتی کونسل نے یمن پر پابندیوں کی مدت بڑھادی

207

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن پر عائد پابندیوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس حوالے سے مستقل رکن برطانیہ کی طرف سے پیر کے روز پیش کی گئی ایک قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ سلامتی کونسل میں یمن پر پابندیاں بڑھانے سے متعلق قرارداد کی 13 ممالک نے حمایت کی جب کہ چین اور روس نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، جس کے نتیجے میں یمن پر پابندیاں آیندہ برس فروری تک نافذ رہیں گی۔ اس پیش رفت سے قبل سلامتی کونسل میں روسی اور برطانوی وفود کے مابین مذاکرات جاری رہے، اس دوران روس کا کہنا تھا کہ اگر قرارداد کے مسودے میں کسی بھی طرح الزام ایران پر عائد کیا گیا، تو اسے روس ویٹو کر دے گا۔ قراداد میں مزید کہا گیا تھا کہ یمن کی جنگی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، لہٰذا پابندیوں کی مدت میں فروری 2021ء تک اضافہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ حالیہ قرارداد کی منظوری کے بعد عالمی ادارے کے تحت یمن کے خلاف مالیاتی اور سفری پابندیاں آیندہ برس 26 فروری اور یمنی ماہرین کے مینڈیٹ کے لیے 28 مارچ تک توسیع کی گئی ہے۔
نیویارک: سلامتی کونسل میں یمن کے حوالے سے رائے شماری ہورہی ہے