صومالیہ میں امریکی بمباری‘ الشباب کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ

168

موغادیشو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی افریقی عسکری کمان نے دعویٰ کیا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم الشباب کا سرغنہ اوراس کی اہلیہ ایک کارروائی میں مارے گئے ہیں۔ افریکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص 5 جنوری کو کینیا کے امریکی فوجی اڈے پر حملے میں ملوث تھا، جس میں 2 شہریوں اور ایک فوجی سمیت امریکی وزارت دفاع کے 3 ملازم ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکی عسکری کمان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ الشباب کے سرغنہ کے خلاف فضائی حملہ 22 جنوری کو کیا گیا تھا۔اُدھر صومالیہ کے بڑے ٹیلی کام ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جیلب نامی علاقے میں امریکی کارروائی میں ہلاک ہونے والا شخص کمپنی کا منیجر تھا۔ اس حوالے سے ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے کا نام محمد حاجی سراج اور عمر 55 برس تھی اور اس نے کبھی الشباب کے لیے کام نہیں کیا۔ دریں اثنا افریقا میں امریکی کمانڈر اسٹیفن ٹاؤنسینڈ کے بعد صومالی حکومت نے بھی منصوبہ ساز کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی کمانڈر کے مطابق فضائی حملے میں ایک شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو آیندہ 15 دن کے اندر تفتیش کرکے رپورٹ جمع کرائے گی۔