مختلف کمپنیز نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا واہ نوبل کیمیکلز کے منافع میں 9.68 فیصد اضافہ

217

 واہ نوبل کیمیکلز لمیٹڈ (ڈبلیو اے ایچ این) کے بعد از ٹیکس منافع میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 9.68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کمپنی کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2019ء کیلئے کمپنی نے 34 ملین روپے کی خالص آمدن حاصل کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2018ء کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 31 ملین روپے رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ڈبلیو اے ایچ این کی خالص آمدنی میں3 ملین روپے یعنی 9 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 3.38 روپے کے مقابلہ میں 3.82 روپے فی حصص تک بڑھ گئی ہے۔
برجر پینٹس کی آمدنی میں 9.5 فیصد کمی
برجر پینٹس پاکستان لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 31 دسمبر 2019ء کو ختم ہونیوالی ششماہی کے دوران 9.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔کمپنی کے مالیاتی اعدادو شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران برجر پینٹس کی خالص آمدنی 44.1 ملین روپے تک کم ہو گئی جبکہ جولائی تا دسمبر 2018ء کے لئے کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدنی 48.7 ملین روپے رہی تھی۔ اس طرح سال 2018ء کی دوسری ششماہی کے مقابلہ میں سال 2019ء کے اسی عرصہ کے دوران برجر پینٹس پاکستان لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 4.6 ملین روپے یعنی 9.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی آمدن میں 25 فیصد اضافہ
پاکستان ٹوبیکو کمپنی ( پی اے کے ٹی) کی بعد از ٹیکس آمدن میں 2019ء کے دوران 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ا سٹاک ایکسچینج کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2019ء کے دوران کمپنی کو 12 ہزار 889 ملین روپے کی خالص آمدنی ہوئی ہے جبکہ سال 2018ء کے اختتام پر کمپنی کی خالص آمدنی 10 ہزار 338 ملین روپے رہی تھی۔اس طرح سال 2018ء کے مقابلہ میں 2019ء کے دوران پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے بعد ز ٹیکس منافع میں 2 ہزار 551 ملین روپے یعنی 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس پر کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی40.46 روپے کے مقابلہ میں 50.45 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019ء کے دوران کمپنی کے سیلز کے اخراجات میں 14 فیصد جبکہ سیلزاور ڈسٹری بیوشن کے اخرجات میں 6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ سیلز کے اخراجات 29 ہزار 829 ملین روپے کے مقابلہ میں 25ہزار 780 ملین روپے تک کم ہو گئے اور سیلز کے اخراجات کی مد میں کمپنی کو 4 ہزار 49 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اسی طرح سیلز اور ڈسٹری بیوشن کے اخراجات بھی 4 ہزار 950 ملین روپے کے مقابلہ میں 4 ہزار 666 ملین روپے تک کم ہو گئے جس سے کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اٹلس بیٹری کے خساے میں 65.3 فیصد کمی
اٹلس بیٹری لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس خسارہ میں 2019ء کی آخری ششماہی کے دوران 65.3 فیصد کمی ہوئی ہے۔پاکستان ا سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر2019ء کے لئے اٹلس بیٹری لمیٹڈ کا خالص خسارہ 154.8 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران کمپنی کو 445.7 ملین روپے کا بعد از ٹیکس خسارہ ہوا تھا۔ اس طرح سال 2018ء کے آخری 6 مہینوں کے مقابلہ میں سال 2019ء کے اسی عرصہ کے دوران اٹلس بیٹری کے بعد از ٹیکس خسارہ میں 290.9 ملین روپے یعنی 65 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔