سندھ میں بھی جلد پی ٹی آئی کادور دورہ ہوگا‘ شہر یار خان آفریدی

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ میں بھی جلد پی ٹی آئی کا دور دورہ ہوگا۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس پالیسی نہیں تھی‘ 2013 ء میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے بعد ہماری پالیسی پر تنقید ہوئی‘ افغانستان اور ایران سرحد پر باڑ لگانے کے بعد منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم بل لا رہے ہیں جس میں ہر صوبے کا مینڈیٹ ہوگا‘انہوں نے اسپتالوں میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے سینٹر بنانے اور وہاں ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ٹی وی پر مذاق اڑایا گیا‘ میرے خلاف مہم چلائی گئی کہ جان اللہ کو دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے نہیں سنا وہ بھی سن لیں‘ جب آپ حق کے لیے کھڑے ہوں گے تو آپ کو ڈرایا، دھمکایا جائے گا‘ آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کھڑے رہنا ہے جیسے قائداعظم محمد علی جناح کھڑے رہے‘ آج بھارت کا ہرمسلمان یہ کہتا ہے کہ جناح ٹھیک تھے ۔