امریکاسے تعلقات بہتر ہوگئے‘ افغان مسئلے پر اچھی سہولت کاری کی ‘ وزیرخارجہ

264

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکاسے تعلقات بہتر ہوگئے ہیں ‘ واشنگٹن نے افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کاکردار تسلیم کیاہے ،ہم نے افغان مسئلے پر اچھی سہولت کاری کی ‘ ایف اے ٹی ایف میں بہتری پاکستانی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے، ،پڑوسیوں سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود او رایڈیشنل سیکرٹری تجارت کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے امریکا نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے امریکا طالبان معاہدے کی دستخط کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ ڈیووس میں امریکی صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے ہوا کہ باہمی تعلقات اورتجارتی تعلقات کو کیسے بڑھانا ہے اس کے لیے امریکی سیکرٹری تجارت ولبرراس پاکستان آئیں گے اور یہاں آ کر حالات کا جائزہ لینے کے بعد امریکی صدر کو رپورٹ دیں گے چنانچہ وہ آج یہاں تشریف لائے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ آج ہمیں دعوت دی جا رہی ہے کہ آپ 29 تاریخ کو دوحہ تشریف لائیں اور طالبان کے ساتھ مذاکرات جو منطقی انجام تک پہنچ رہے ہم چاہتے ہیں کہ آپ وہاں ہوں کیونکہ آپ کے بغیر یہ ممکن نہ تھا۔ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان سہولت کار تھا اور اس کی سہولت کاری کے بغیر یہ ممکن نہ تھا امریکا نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات جو ایک عرصے سے جمود کا شکار تھے ان میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے اور باہمی تجارت سرمایہ کاری پر بات ہو رہی ہے۔ ٹریول ایڈوائزر پر دوبارہ بات ہو رہی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے جس طرح برطانیہ نے ایک واضح مؤقف اختیار کیا ہے قوم دیکھے گی کہ ٹریول ایڈوائزری پر امریکا کا بھی ایک واضح مؤقف آنے والا ہے اور پاکستان اپ گریڈ ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات میں بہت زیادہ بہتری آ چکی ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان 14 شعبوں میں ا تفاق رائے پایا جا رہا ہے امریکی صدر نے بھارت میں واشگاف الفاظ میں پاکستان سے اچھے تعلقات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان اچھے آدمی ہیں اور میرے دوست ہیں ان سے اچھے تعلقات ہیں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری سفارتکاری آہستہ آہستہ اپنا رنگ دکھا رہی ہے ایف اے آئی ایف میں بہتری پاکستانی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔