نعمت اللہ خان کی رحلت پر مذہبی و سیاسی رہنمائوں اور ساتھیوں کے تاثرات

455

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) سابق کمشنر ز و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سابق سٹی ناظم اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کااظہار کیاہے،جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق کمشنر کراچی اور موجود ہ و فاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ نعمت اللہ خان کے انتقال پر مجھے ذاتی طور پر بہت دکھ ہوا ہے وہ ایک ملنسار اور شفقت سے پیش آنے والے انسان تھے۔ میں نے سی ڈی جی کے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز کی حیثیت سے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ نعمت اللہ خان نے شہر کراچی کی ترقی کے لیے جو کام کیا ہے وہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثال ہے۔ وہ شرافت دیانت اور انسانیت کے علمبر دار تھے مشکل صورت حال میں بھی تحمل کے ساتھ فیصلے کرتے تھے۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ اس وقت کے صدر سے انہوں نے ضد کرکے مجھے اپنے ساتھ شامل کیا اور جب میرا ٹرانسفر کر دیا گیا تو انہوں نے میرے لیے آواز بلند کی تھی۔ وہ اپنے ساتھ کام کرنے والوں پر اعتماد کرتے تھے اور حوصلہ افزائی کرتے تھے ان کی نظامت کے اختتام پر جو کتاب ’’روشنی کا سفر‘‘ شائع ہوئی ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ نعمت اللہ خان بلا امتیاز خدمت کرتے تھے دور دراز علاقوں ملیر، بلدیہ ، گڈاپ ٹائون حتیٰ کہ ہر یوسی اور ہر ٹائون کا ذاتی طور پر دورہ کرتے تھے اور کام کا جائزہ لیتے تھے۔ میں ان کا ذاتی طور پر بہت احترام کرتا ہوں، وہ اس شہر کی خدمت کے لیے اپنی مثال آپ تھے ،اللہ کریم ان کوغریق رحمت کرے ان کے درجات بلند فرمائے، شہر قائد میں عوام الناس کی خدمت کے صلے میں اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔سابق کمشنر کراچی اور سابق رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ شفیق الرحمن پراچہ نے کہا کہ نعمت اللہ خان جس عمر میں کراچی کے پہلے سٹی ناظم بنے وہ جوان باہمت اور بہت آگے کی بات سوچنے والے انسان تھے ، انتہائی تیزی سے فیصلے کرنے والے اور جو فیصلہ کر لیا اس پر قائم رہنے والے تھے۔نعمت اللہ خان مشاورت، شراکت اور رفاقت سے تمام فیصلے کیاکرتے تھے۔ ان کے ساتھ کام کرنا میری زندگی کے لیے انتہائی خوشگوار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میں نے ان کے ساتھ کام کیا وہ یاد گار رہے گا،نعمت اللہ خان ایسے شخص تھے جن کے ایثار، احترام اور ان کی شفقت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اور ان کی صحبت اور توجہ کو بھی یاد رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ان کو فیصلوں کے سلسلے میں ان کی طرف سے کسی جانبداری، دبائو، جھکائو نہیں دیکھا ہے ہمیشہ معروضی حالات کو دیکھ کر درست فیصلہ کیا ۔ ان کے انتقال پر مجھے دلی طور پر بہت صدمہ ہوا ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک عظیم ہستی تھے۔ شہر کراچی ایک عظیم انسان سے محروم ہو گیا ہے۔ اپوزیشن ہو یا حامی ان کی ایمانداری اور ان کے کام کرنے کے جنون کا کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا ہے۔ نعمت اللہ خان جنون کے حد تک کام کرتے تھے۔ انہوں نے کام اور کام کے فارمولے کو اپنا یا ، ہم تو صرف کام کرنے کے حوالے سے باتیں بناتے ہیں ،نعمت اللہ خان نے اس شہر کے لیے عملی طور پر کام کرکے دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نعمت اللہ خان کو کبھی اپنی نماز قضا کرتے نہیں دیکھا ۔ رات ہو یا دن نعمت اللہ خان ہمیشہ اس شہر کی ترقی کے لیے محنت میں لگے رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان سٹی ناظم بنے کے بعد شہر کو اون کیا اور اس کی ترقی کے لیے بے انتہا کام کیا ، نعمت اللہ خان نے اپنی جگہ پر آنے والے لوگوں کے لیے مثال چھوڑی ہے کہ کس طرح کام کیا جاتا ہے، انہوں نے اس شہر کی شان و شوکت میں اضافہ کیا ، انہوں نے کہا کہ میں نے نعمت اللہ خان کے ساتھ بحیثیت پروجیکٹ ڈائریکٹر تعمیر کراچی کام کیا ہے۔ بہت دھیمے لہجے میں بات کرنے والے شفقت اور محبت کے ساتھ پیش آنے والے میرے باس تھے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 30 سال مختلف اداروں میں گزارے میں جو کام کرنے کا مزا نعمت اللہ خان کے ساتھ آیا ہے وہ کسی کے ساتھ نہیں آیا اور یہ بات میں دل سے کہہ رہا ہوں۔ جماعت اسلامی میں دیگر لوگ بھی قابل اور محنت کرنے والے ہوں گے لیکن نعمت اللہ خان نے جس عمر میں کام کیا اور دن رات کا م کیا ان کی مثال نہیں ملتی۔ مجھے بہت دکھ ہے کہ کراچی ایک عظیم ہستی سے محروم ہو گیا ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے سابق سٹی ناظم کراچی اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون پروفیسر این ڈی خان نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان شہر کی بہت ہی اعلیٰ اور دیانت دار شخصیت کے حامل تھے۔ انہوں نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کی اور کراچی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے نظامت کے نظام کی بنیاد رکھی۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین سٹی ناظم تھے۔ ان کی شہر کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔ آنے والے میئر بھی نعمت اللہ خان کے نقش قدم پر چلیں تو کراچی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نعمت اللہ خان کراچی اور پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے۔ جب اللہ تعالیٰ نے انہیں کراچی کے لوگوں کی خدمت کا موقع دیا تو انہوں نے بلا امتیاز و تعصب کراچی کے لوگوں کی خدمت کی۔ وہ لوگوں کو جوڑنا اور ملانا چاہتے تھے۔ ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پُر کرنا آسان نہ ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگی رہنما کیپٹن حلیم صدیقی نے کہا کہ نعمت اللہ خان سیاسی و سماجی حلقوں میں ہردلعزیز تھے۔ وہ دن رات کام کرنے کے عادی تھے۔ ان کی پاکستان بالخصوص کراچی کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات و جنگلات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مرحوم نعمت اللہ خان نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی اس شہر کے لیے کی گئی گراں قدر خدمات کو نہیں بھلایا جاسکتا۔ مرحوم کی جماعت اسلامی کے لیے بھی لازوال قربانیاں ہیں اور آج بھی ان کے لگائے گئے سماجی کاموں کے پودے پھل دے رہے ہیں۔ متحد ہ قومی مو ومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی نے کہا کہ کر اچی کی تعمیروترقی میں نعمت اللہ خان مر حوم کا کر دار قابل ستا ئش ہے اور ان کی رحلت سے جو خلا پید ا ہو ا ہے اس کو کبھی پر نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن و سابق نائب ناظم کراچی نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے بحیثیت سٹی ناظم بلاشبہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہر اول درجے کا کردار ادا کیا ۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے بحیثیت سٹی ناظم شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا یا۔جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ نعمت اللہ خان دیندار اور عوام کے دکھ رکھنے والی شخصیت تھے،ان کی میئر شپ کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیںان کی پوری زندگی بے لوث ہوکر عوام کی خدمت میں گزری ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔