پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آگئے

384

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں  دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان محکمہ سندھ کے مطابق کراچی کے شہری 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس نے حال ہی میں ایران سے کراچی کا سفر کیا تھا۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ نوجوان اور اس کی فیملی کو نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے جہاں متاثرہ شخص کے اہلخانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے جب کہ متاثرہ نوجوان کے ہمراہ ایران سے آنے والے دیگر افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے شہریوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ  گھبرانے کی کوئی بات نہیں کیونکہ دونوں مریضوں کا علاج معالجہ معیاری طریقہ کار کے مطابق کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں مریضوں کی زندگیاں ‘خطرے سے باہر’ ہے۔