بھارت میں مسلم کش فسادات؛ شہباز شریف کی مذمت

347

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور مذہبی مقامات کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کے قتل عام سے مودی حکومت کا دیگر ممالک کی اقلیتوں سے ہمدردی کا ناٹک بےنقاب ہوگیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام اور مذہبی مقامات کی بےحرمتی کی گئی، بے گناہ قتل ہونے والے مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا جس کا ازالہ ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے عالمی قوانین پر عمل کرایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارت کے مسلمانوں اور اقلیتوں سے یک جہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور شہید ہونے والے مسلمانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔