چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وزیر جنگلات سید ناصر حسین شاہ کے ساتھ سندھ کے پہلے وائلڈ لائف میوزیم کا افتتاح

810

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کی بقاء اور صوبے میں جنگلات میں اضافہ ہماری اولین ترجیحات ہیں جبکہ جنگلات جنگلی حیات کی بقاء اور سلامتی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز محکمہ وائلڈ لائف کے تحت سندھ کے پہلے وائلڈ لائف میوزیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیر جنگلات سید ناصر حسین شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے جنگلی حیات بنگل خان مہر اور کنرویٹر وائلڈ لائف جاوید مہر بھی موجود تھے،

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ سندھ کا پہلا وائلڈ لائف میوزیم قائم کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی کاوشوں کو سراہا اور سید ناصر حسین شاہ کو شاباش اور بنگل خان مہر اور جاوید مہر کے کام کو بھی سراہا ہے،

انھوں نے وزیر جنگلات اور معاون خصوصی کو ہدایت کی کہ جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ کیلئے ہر ممکناً اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں ہر ممکنا کاوشیں کی جائیں۔ وزیر جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس طرح کا جدید میوزیم قائم کیا گیا ہے اور میوزیم میں پرندوں اور جانوروں کی 100 سے زائد تاریخی اور قدیمی تصاویر رکھی گئی ہیں جوکہ تاریخی اہمیت کی حامل بھی ہیں،اور یہ تصاویر محکمہ جنگلی حیات کا اثاثہ بھی ہیں۔ انھوں نے چیئرمین کو مزید بتایا کہ محکمہ جنگلی حیات میں جانوروں کے ساتھ ساتھ پرندوں کے تحفظ اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کو مزید بہتر اور اضافہ کے سلسلے میں بھی کام جاری ہے۔،

سید ناصر حسین شاہ نے مزید بتایا کہ لیاری ندی کے کنارے دنیا کے سب سے بڑے پیپلز شہری جنگلات پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اس جنگل کو جدید طرز پر بناکر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے پرکشش مقام بنایا جائے گا،

سیاحوں کی آمد سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بی میسر ہونگے جبکہ مقامی افراد کیلئے فٹبال گراؤنڈ، کرکٹ گراؤنڈ، سائکلنگ ٹریک، والی بال گراؤنڈ اورنٹل گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ آخر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میوزیم کا تفصیلی دورہ کیا۔