ہندوستان “ہندتوستان” میں تبدیل ہو چکا ہے،فردوس عاشق اعوان

417

اسلام آباد:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہندوستان “ہندتوستان” میں تبدیل ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے۔صدر ٹرمپ کابیان پاکستان کو دہشت گردی سےجوڑنےکی مذموم بھارتی کوشش پر کاری ضرب ہے۔مودی اسلحے کے انبار اور بارود کے ڈھیر خرید کر بھی عمران خان کی کامیاب سفارتکاری کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پرظلم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ٹرمپ کا یہ بیان ثبوت ہے کہ کشمیر ایک مسلمہ عالمی تنازعہ ہے۔خون ناحق پر پوری دنیا کا آواز بلند کرنا خوش آئندہے۔عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کا جمہوری و قانونی  حق دلوائے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ہندوستان “ہندتوستان” میں تبدیل ہو چکا ہے۔صدرٹرمپ کی موجودگی میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدداور قتل عام بھارتی قیادت کی فسطائی و مجرمانہ سوچ کو پوری دنیا پرعیاں کررہا ہے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت  میں پاکستان کا دنیا بھرمیں پرامن اور رواداری پرمبنی معاشرے کا تاثرابھر رہا ہے۔