پاکستانی خواتین صلاحیتوں کے لحاظ سے کسی طرح مردوں سے کم نہیں,گورنر سندھ

728

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کسی بھی لحاظ سے مردوں سے کم نہیں بلکہ وہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جوکہ ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈیز فنڈز کی جانب سے خواتین کے پہلے براق سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ جرمنی کے قونصل جنرل Eugen Wollfarth، داؤد گلوبل فاؤنڈیشن و لیڈیز فنڈ کی صدر تارا عذرا داؤد بھی اس موقع پر موجود تھیں،یہ براق سینٹر لیڈیز فنڈ نے داؤد گلوبل فاؤنڈیشن، کراچی میں جرمنی کے قونصل خانہ اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) کے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے تعاون سے قائم کیا ہے اور اس سینٹر میں اپنے کاروبار کا آغاز کرنے اور نئے آئیڈیاز رکھنے والی خواتین کے لئے سہولیات دستیاب ہیں،

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے بار ہا اس بات کو ثابت کیا ہے کہ اگر وہ ارادہ کرلیں تو کوئی بھی چیز ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خواتین کو آگے بڑھنے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے،انہوں نے اس ضمن میں موبائل ایپلیکیشن “بیٹی” کے اجراء کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے جبکہ اس کے ذریعہ وہ خود کو ہراساں کئے جانے کی شکایات بھی درج کرواسکیں گی،

انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام سے فائدہ اٹھائیں جس کے ذریعہ وہ 50 لاکھ روپے تک کا قرضہ حاصل کرسکتی ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جب انہیں اس تقریب میں مدعو کیا گیا تو انہیں بہت خوشی ہوئی کیونکہ یہ سینٹر خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک قدم ہے اور یہ بھی انتہائی مسرت کی بات ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ملک بھر میں پہلا سینٹر ہے جس کے لئے لیڈیز فنڈ اور داؤد گلوبل فاؤنڈیشن مبارکباد کے مستحق ہیں،

انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات دیکھ کر بھی وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سینٹر کا لوگو اورتھیم بھی ہماری روایات کے امین ہیں۔داؤد گلوبل فاؤنڈیشن اور لیڈیز فنڈز کی صدر عذرا داؤد نے اپنے خطاب میں سینٹر کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ براق سینٹر دراصل خواتین کے اندر موجود توانائی کے اظہار کا پلیٹ فارم ہے اور اس کے ذریعہ ان کے تخیل اور سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ سینٹر کا سلوگن “اس کی پرواز دیکھو” ہے انہوں نے مزید کہا کہ یہ خواتین کے لئے پاکستان کا پہلا انکیوبیشن سینٹر ہے جہاں انہیں آگے بڑھنے، اپنے خیالات کو عملی رنگ دینے اور کاروبار کے لئے حوصلہ افزائی فراہم کی جائے گی۔ جرمن قونصل جنرل Eugen Wollfarth نے کہا کہ لیڈیز فنڈز خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ جرمن قونصل خانہ لیڈیز فنڈز سے تعاون جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ اس انکیوبیشن سینٹر میں ابتداء میں 10خواتین کو چنا جائے گا اور یہ عمل 10 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خواتین کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر لمز لاہور کے نصاب کے تحت تربیت دی جائے گی اور انہیں اس کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔