سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان سپرد خاک

405

جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر و سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کو ڈیفنس قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی امامت میں ادا کی گئی جس میں دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنما، اعلیٰ حکومتی شخصیات، سماجی رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، تاجر و صنعتکار،وکلاء، صحافیوں، ٹریڈ یونین اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں، مرحوم کے عزیز و اقارب ا ور نعمت اللہ خان سے عقیدت و محبت رکھنے والوں نے ہزاروں کی تعداد میں شر کت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعدنعمت اللہ خان کی تدفین ڈیفنس اتھارٹی فیز 8 کے قبرستان میں عمل میں آئی۔

سابق سٹی ناظم کی نماز جنازہ کا ہر اجتماع قومی و حدت اور بلا تفریق اتحاد و یکجہتی کا ایک بڑا مظہر ثابت ہوا اوراس موقع پر موجود ہر شخص نے نعمت اللہ خان کی دینی و سیاسی، سماجی و فلاحی اور عوام خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی رحلت کو بہت بڑا صدمہ اور نقصان قرار دیا۔

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن، سندھ کے گورنر عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر آفتاب، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن عبد الرشید ترابی، صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، عامر خانشریک ہوئے۔

سابق سٹی ناظم کی نماز جنازہ میں ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے رہنما و سابق میئر فاروق ستار، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امراء راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، قاضی حسین احمد کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی، پی ایس پی کے سربراہ و سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال، ایم کیو ایم حقیقی کے چیئر آفاق احمد، پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی، راشد ربانی، نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے ساتھ رہنے والے نائب ناظم طارق حسن، جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری عبد الوحید قریشی نے بھی شرکت کی۔

جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبد الکریم عابد، قاری عثمان، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا محمد یوسف قصوری، ڈسٹرکٹ کونسل ملیر کے سلمان مراد، خان محمد بلوچ، مسلم لیگ ن کے اکبر گجر، شیعہ علماء کرام، غلام محمد کردواری، شبیر رضا، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے ارشاد بخاری، ہائی کورٹ بار کے سیکریٹری حبیب ایڈوکیٹ، تنظیم الخوان کے حسین عقیل عباسی، اے این پی کے یونس بونیری، ساتھی اسحاق ایڈوکیٖٹ، ایس کے لودھی، تربت سے مولانا عبد الحق بلوچ کے صاحبزادے سلیم بلوچ، تھر پار کر سے محمد جمیل کھوکھر، پیر الہی بخش کے صاحبزادے پیر عبداللہ شیر، علی اضغر، آباد کے چیئر مین محسن شیخانی اور دیگربھی موجود تھے۔

نماز جنازہ کے اجتماع سے سینیٹر سراج الحق، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ ایک فرد نہیں بلکہ ایک جہد مسلسل، شجر سایہ دار اور بلا رنگ و نسل و تفریق ہمہ انسان کے خیر خواہ، محسن اور محبت کرنے والے تھے،ان کی رحلت پر اہل کراچی نے جس عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور ان کی نماز جنازہ میں تمام حکومتی شخصیات اور ساری جماعتوں کی قیادت نے شر کت کی وہ اس امر کا ثبوت ہے کہ اہل کراچی اور کراچی کی قیادت خدمت اور دیانت کا اعتراف کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عقیدت و محبت کے اظہار سے مرحوم کے اہل خانہ کو بھی تقویت ملی ہے اور یہ اتحاد کا مظہر انشااللہ مرحوم کے لیے بھی بار گاہ ِ الہی میں مغفرت اور رحمت کا ذریعہ بنے گا،یہ لمحہ نہ صرف اہل کراچی پورے پاکستان کے لیے سعادت کا لمحہ ہے،نعمت اللہ خان ایک کارکن کی حیثیت سے اور ایک قائد کی حیثیت سے ایک مثالی شخص تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہوں نے بڑھاپے میں بھی آزاد کشمیر، بالا کوٹ، گلگت، چترال، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں عوام کی خدمت کی ہے۔ تھر پار کر کے اندر لوگوں کا سہارا بنے اور آج اہل کراچی ہی نہیں پورا پاکستان ان کی رخصت پر اشکبار ہے اور غمگین ہے۔

انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے کراچی کو امن و محبت اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کی جدو جہد کی اور بحیثیت سٹی ناظم بلا تفریق، رنگ و نسل و مذہب شہریوں کے لیے کام کیا ہے،ان کی رحلت پر ہمارے پاس ہندو،سکھ اور عیسائی برادری کے لوگ بھی آئے اور انہوں نے کہا کہ ہم نعمت اللہ خان کی وفات سے صرف مسلم عوام ہی نہیں ہم سب بھی دکھی ہیں اور ہم ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ نعمت اللہ خان کا خاندان صرف ان کے بیٹے اور بیٹیاں نہیں ہم سب ان کا خاندان ہیں آج سب سوگوار  ہیں لیکن آج کے دن ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا اور آج نماز جنازہ کے اجتماع میں جس طرح شریک ہیں سب یہ عہد کریں کہ نعمت اللہ خان کی جدو جہد کو جاری رکھنا ہے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور پورے ملک میں امن و محبت، ترقی و خوشحالی اور اسلام کی سر بلندی و انسانیت کی خدمت ان کا مشن تھا ہمیں ان کے مشن اور جدو جہد کو جاری رکھنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک منکسر المزاج، محب وطن،خدمت، دیانت اور اہلیت رکھنے والے قائد اور رہنما تھے۔ ہر انسان کے خیر خواہ کراچی اور پاکستان سے محبت کرنے والے انسان تھے۔ آج ان کی نماز جنازہ میں اہل کراچی کی پوری قیادت موجودہے اور ہر شخص اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتا ہے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہا ہے،آج یہ ثابت ہوا ہےانہوں نے اپنی زندگی میں بھی سب کو جوڑ کر رکھا تھا اس کے جنازے نے بھی سب کو جوڑ دیا اور سب ان کی خدمت اور دیانت اور مضبوط کردار کا اعتراف کر رہے ہیں۔

ڈاکٹراسامہ رضی نے کہا کہ آج کے اس اجتماع میں اہل کراچی اپنے محسن کا سایہ سر سے اُٹھ جانے کے بعد انہیں خراج عقیدت پیش کرنے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ سب مرحوم سے اپنے تعلق اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔نعمت اللہ خان کو اہل کراچی ہی نہیں پورا ملک تا دیر یاد رکھے گا۔