ایف بی آر نے 3ارب کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز پکڑلیں

123

کراچی( آن لائن )فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر)کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سروس کراچی نے 3 ارب روپے سے زاید مالیت کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کا سراغ لگالیاہے۔ڈائریکٹوریٹ کے ذرائع نے اس ضمن میں بتایا کہ3ارب روپے سے زاید کی مشکوک ٹرانزیکشنز 41مختلف بینک کے اکائونٹس سے کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ کے استفسار کے باوجود ملزم 3ارب روپے کی بینک ٹرانزیکشنز سے متعلق اپنی آمدن کے ذرائع بتانے میں ناکام رہا ہے اور ملزم نے اپنے داخل کردہ ٹیکس گوشوارے میں 3ارب روپے کی بینک ٹرانزیکشنز کو ظاہر نہ کرکے ٹیکس چوری کی ہے۔کراچی کے رہائشی محمدمنشا نامی ٹیکس دہندہ نے اپنے بینک کھاتوں کے ذریعے ٹرانزیکشنز کی ہیں جوڈائریکٹوریٹ آئی اینڈ آئی آئی آر کوذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہاہے۔ڈائریکٹوریٹ نے محمدمنشا کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی41بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے ہیں جبکہ عدالت نے ملزم کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائدادیں بھی ضبط کرنے کی اجازت دیدی ۔ ذرائع نے بتایاکہ ملزم محمدمنشا ٹرانسپورٹ لاجسٹک اور کلیئرنگ فارورڈنگ کے کاروبار سے منسلک ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ نے محمدمنشا کو4مرتبہ طلب کیا لیکن انہوں نے صرف ایک مرتبہ پیش ہو کر مہلت طلب کی جس کے بعد وہ طلبی کے نوٹسز کے باجود ڈائریکٹوریٹ میں پیش نہ ہوسکے۔ڈائریکٹوریٹ نے جب ان کے وارنٹ جاری کیے تو انہوں نے 20لاکھ کے مچلکے پرضمانت قبل ازگرفتاری حاصل کرلی۔