عمران فاروق قتل کیس ، ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر

120

اسلام آباد( آن لائن )عمران فاروق قتل کیس میں نامزد تینوں ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ہے عدالت نے ریکارڈ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو آئندہ سماعت پر لازمی ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی پراسکیوٹر خواجہ امتیاز، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر عظمت اور وزارت خارجہ کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوا۔خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی سید سمیت تینوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کردی گئی ۔عدالت نے درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا دوران سماعت وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا سے ریکارڈ منگوانے کیلیے سری لنکن ایمبیسی کو خط لکھا ہے جو ریکارڈ ملا وہ 10 سال پرانا ہے کچھ مزید وقت دیا جائے ۔عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر ریکارڈ لازمی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی ۔