نعمت اللہ خان کی رحلت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا،رہنماء جماعت اسلامی سندھ

326

ٹنڈوالٰہیار، میرپورخاص، جھڈو، سانگھڑ (نمائندگان جسارت ) نعمت اللہ خان کی رحلت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا،کرپشن کے دور میں انہوں نے امانت دیانت کی مثال قائم کی، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے آمین ۔ان خیالات کا جماعت اسلامی ٹنڈوالٰہیار کے امیر دیدار حسین بہرانی، جنر لسیکرٹری محمد یو نس قائم خانی ، سر نصیر الدین قائم خانی اور رائوجاوید نے اپنے مشتر کہ بیان میں نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے انتقال پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان اللہ کی نعمت تھے ان کے سینے میں اسلام, پاکستان اور عوام کا درد تھا۔ انہوں نے دن رات مِنی پاکستان کی خدمت کرتے ہوئے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنایااور بدانتظامی اور بدعنوانی کے دور میں جس طرح انہوں نے اہل کراچی کی خدمت کی۔ اس سے سب کے دل جیت لیے، نہ صرف کراچی بلکہ بیرون کراچی بھی ان کی خدمات کا معترف ہے۔ تھر کے باشندوں کے لیے انہوں گراں قدر خدمات انجام دیں وہ امانت و دیانت کی جیتی جاگتی مثال تھے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے آمین۔امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص افضال احمد آرائیں ، امیر شہر نور الٰہی مغل ،جنرل سیکرٹری عاصم شیخ ، الخدمت فائونڈیشن کے صدر نادر خان ،لالہ نور محمد ، باب الدین ، زاہد الرحمن ، حافظ سلمان ، آفتاب قادری مولاناعزیز الرحمن ، حکیم ارشاد علی اور عبدالرشید ودیگر نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں سابق ناظم کراچی و صدر الخدمت فائونڈیشن نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامت دین اور دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کر دی اور وہ زندگی کے آخری ایام تک خدمت میں مصروف عمل رہے ان کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص کے امیر محمد افضال ضلعی جنرل سیکرٹری سلمان خالد نائب امیر ڈاکٹر شمشماد علی تحصیل جھڈو کے امیر حافظ عابدالرحمن محمد عمر خان اور اظہر جمیل آرائیں نے کراچی کے سابق سٹی ناظم اور جماعت اسلامی کے رہنما نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی رحلت پراظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبروجمیل کی دعا کی ہے ۔رہنمائوں نے کہاکہ نعمت اللہ خان کراچی کے لوگوں کے سچے محسن تھے اور تھری باشندوں کے غم گسار ،یقین محکم، عمل پیہم، محبت فاتح عالم امانت ودیانت وخدمت کی زندہ مثال تھے۔ ان کی شہری و تھری باشندوں کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ان کا خل پر ہونا بہت مشکل ہے ان کی بلاامتیاز خدمات کو تادیر یاد رکھاجائے گا۔سابق سٹی ناظم کراچی سرپرست الخدمت فاونڈیشن نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے انتقال پر نیشنل پریس کلب میں ان کے ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کو ان کی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر سابق صدر نیشنل پریس کلب ڈسٹرکٹ رپورٹر روزنامہ جسارت محمد سلیم ملک ایڈووکیٹکا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں اور آج ہم ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئے۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر محمد قذافی ،سینئر صحافی غلام مصطفی ترین، ذوالفقار کنبھر اورعمران یوسف زئی سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔