بدین،ہائی وے پر کام کرنے والے معذور افراد 13 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

194

بدین(نمائندہ جسارت) محکمہ ہائی ویز بدین میں کام کرنے والے معذور افراد کو 13ماہ گزرجانے کے باوجود تنخوائیں نہ مل سکیں معذور افراد کا بدین پریس کلب پر احتجاج تنخوائیں فوری ادا کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائی ویز بدین میں کام کرنے معذور افراد کو 13ماہ گزرجانے کے باوجود تاحال تنخوائیں ادا نہیں کی جاسکی جس کی وجہ فاقہ کشی والی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوگئے ،افسران صرف تسلیاں دینے لگے ہیں تنخوائوں کا انتظار کرکے تھک گئے ہیں اورمختلف دکانوں سے ادھار سودا سلف و دیگر گھریلو مصنوعات لے کر لاکھوں روپے کے مقروض ہوچکے ہیں۔ بدین پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے معذور افراد کی کوٹے میں نئے بھرتی ہونے والے ملازم کڈھن شہر کے علاقے ولہاری کے مکین حبیب اللہ کھوسہ نے کہا کہ ہمیں بھرتی ہوئے ایک سال سے زائد عرصہ گزرچکا ہے لیکن ہمیں تاحال تنخوائیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ ہم بھوک افلاس اور بدحالی والی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور لاکھوں روپے کہ مقروض ہوچکے ہیں ہمارے بچے مختلف نجی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جن کی فیس بروقت عدم ادائیگی کی وجہ نجی اسکول کی انتظامیہ نے سالانہ امتحانات کے پیش نظر بچوں کو اسکولز سے خارج کرنے کا لیٹر جاری کردیا ہے جس کی وجہ ہمارے بچوں تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے، ہم حکومت سندھ اور ڈپٹی کمشنر بدین،انجینئر محکمہ ہائی ویز اور رکن صوبائی اسمبلی بدین حاجی تاج محمد ملاح و دیگر حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں تنخوائیں فوری پر ادا کرکے فاقہ کشی والی زندگی بسر کرنے سے بچایا جائے۔