عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں، سعود افضل

156

سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی سکھر کے امیر صوبائی رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی، مرکزی شوریٰ کے ممبر آغا سید ایوب شاہ نے موجودہ وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں ملک شدید معاشی بحران کا شکار اور عوام مسلسل مہنگائی اور بے روزگاری کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں، حکومت نے بڑے چوروں کو تو ریلیف دے دیا مگر عوام کو کوئی ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے، کپتان کی تبدیلی تباہی لائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ دارالقرآن مائیکرو ٹاور میں 12 مارچ کو ہونے والی نظام مصطفیﷺ و دستار فضیلت کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں مولانا محمد عارف الحسینی، آغا سید ہارون، مفتی قمر الدین ملانو، مولانا عبدالحق مہر، مولانا خدا بخش چاچڑ، حافظ رفیق احمد شر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ جے یو آئی رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ نااہل پی ٹی آئی حکومت نے 18 ماہ میں ملک کی معیشت کو تاریخ کے بدترین بحران کے دلدل میں دھنسا دیا ہے، اگر اب بھی اس کو ہٹایا نہ گیا تو خدانخواستہ ملک کسی حادثے کا شکار ہوسکتا ہے۔ ان حالات میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے ملک کو بچانے اور نااہل حکومت کو ہٹانے کے لیے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائد جمعیت ہی اس ملک کو بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں، پاکستانی عوام کو اب ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 مارچ کو مدرسہ دارالقرآن مائیکرو کالونی سکھر میں عظیم الشان نظام مصطفی و دستار فضیلت کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں جے یو آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطاالرحمن، مرکزی سیکرٹری حافظ حسین احمد، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔