سرکاری اداروں کے بڑے مگرمچھوں نے ملک کو تباہ کر دیا ،ذکراللہ مجاہد

279
امیرجماعت اسلامی لاہورذکراللہ مجاہد پریم یونین سی بی اے ڈویژن کے زیراہتمام ڈی ایس دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکو مت ریلوے ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے وعدوں اور نعروں سے بڑھ کرعملی اقدامات کرے تاکہ ریلوے ایک فعال و متحرک ادارہ بن سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام ریلوے ڈی ایس کے باہر یوم مطالبات کے سلسلے میں ہونے والے احتجاج مظاہرے میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈویژنل صدر فیاض احمد شہزاد، سینئر نائب صدر اقبال بھٹہ، نائب صدر مہر سرور، چیئرمین ڈرائیور سرکل عرفان اقبال، ڈویژنل آرگنائرزبابر نواز سمیت بڑی تعداد میں ریلوے ملازمین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں بڑے مگرمچھوں کی کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا دیا ہے ۔اداروں میں بڑے عہدوں پر فائز کرپٹ افسران اپنے ذاتی مفادات ، لوٹ مار اورکرپشن سے مال اکٹھا کرنے کیلیے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے اقدامات نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ مزوروں اور غربیوں کے ووٹو ں سے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھنے والے سیاستدان غربیوں کے مسائل کے حل کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے 18 ماہ میں بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت آٹا، چینی ، گھی ، دالیں اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچادی ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کا جن بے قابوں ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا معاشی قتل کررہی ہے جس کی وجہ سے مزدوروں سے لیکر تنخواہ دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے جو موجودہ حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ریلولے ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے ریلوے پریم یونین سی بی اے کا چاٹرآف ڈیمانڈ منظور کرے اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے سو فیصد اضافہ کا اعلان کرے اور ریلولے ملازمین کو بھی دیگر سرکاری محکموں کی طرح رہائش، علاج اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔