ٹنڈو الٰہیار: منشیات فروشوں کا سینئر صحافی پر حملہ، صحافی برادری کا احتجاج

148

ٹنڈو الٰہیار (نمائندہ جسارت) منشیات فروشوں نے سینئر صحافی نور احمد تھیبو کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا پاؤں توڑ دیا، صحافی کو زخمی حالت میں سول اسپتال حیدر آباد منتقل کر دیا گیا، صحافی برادری نے حملہ آوروں کو فوری گر فتار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹنڈوالٰہیار کی یونین کاؤنسل مسن کے سینئر صحافی نور احمد تھیبو پر علاقے کے منشیات فروشوں نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اسکول سے اپنے بچوں کو گھر لے جا رہے تھے، منشیات فر وشوں نے صحافی کو منشیات کی خبر یں چلانے کی پاداش میں روک کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، صحافی کو زخمی حالت میں سول اسپتال ٹنڈوالٰہیار منتقل کیا گیا۔ نور احمد تھیبو نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ 10 کے قریب منشیات فروشوں نے مجھ پر حملہ کرتے ہو ئے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، مجھے سچ لکھنے کی سزا دی گئی ہے لیکن میں منشیات فروشوں کے سامنے سر خم نہیں کروں گا۔ مذکورہ واقعے کے بعد ٹنڈوالٰہیار کے صحافیوں کی جانب سے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور فوری طور پر حملہ آواروں کو گر فتارکر نے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر ویرجی کولھی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہو ئے ایس ایس پی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ایم پی اے امداد پتافی نے واقعے کی مذمت کی اور ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ فوری طور پر منشیات فروشوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گر فتار کیا جائے۔ ٹنڈوالہٰیار کے سینئر صحافی اور متحدہ اتحاد عباسیہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی نے صحافی پر حملے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہو ئے ملزمان کو فوری گرفتار کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔