بحریہ ٹاؤن کراچی عملدرآمد کیس :سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی

169

اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ میںبحریہ ٹائون کراچی سے متعلق عمل درامد کیس کی سماعت کے موقع پربحریہ ٹائون کے وکیل کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ بحریہ ٹائون نے عدالتی حکم پر اس وقت تک 57ارب روپے عدالت عظمیٰ کے اکائونٹ میں جمع کروا دیے ہیں ۔معاملہ کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی ۔اس موقع پر بحریہ ٹائون سے وصول ہونے والی رقم کے معاملے پر معاونت کے لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان نے عدالت سے وقت مانگتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے ،عدالت معاونت کے لیے وقت دے جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ بظاہر سندھ کے پیسے پر وفاق کیسے دعویٰ کر سکتا ہے۔ اعجازلاحسن نے کہا کہ ابھی تو پورا پیسہ آیا ہی نہیں،پورے پیسے آ جائیں تو دیکھیں گے یہ پیسہ وفاق کو جانا ہے یا سندھ کو،ابھی تو لمبا راستہ پڑا ہے۔بعد ازاں عدالت نے معاملہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی ۔