سب سے زیادہ گرینڈ سلام چیمپئن سوئس ا سٹار راجر فیڈرر گھٹنے کی انجری کے باعث فرنچ اوپن سے محروم

154

بیسل (جسارت نیوز) سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور سب سے زیادہ گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر گھٹنے کی سرجری کے باعث گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ 38 سالہ سوئس اسٹار کی گزشتہ روز سوئٹزرلینڈ میں دائیں گھٹنے کی آرتروسکوپک سرجری ہوئی تھی جس کے باعث فیڈرر آخری 5 سال میں اپنے چوتھے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہوجائیں گے۔ راجر فیڈرر نے 2009ء میں پہلی مرتبہ رولینڈ گراس کورٹ پر کھیلے جانے والا فرنچ اوپن ٹینس کا اعزاز جیتا تھا۔ راجر فیڈرر نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مطابق میری سرجری ٹھیک ہوگئی ہے اور میں بہت جلد صحت یاب ہوکر دوبارہ ٹینس کورٹس میں ایکشن میں نظر آئوں گا۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جو 24 مئی سے 7 جون تک پیرس میں کھیلا جائے گا کے علاوہ دبئی، انڈین ویلز، بوگوٹا اور میامی میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے ۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر آسٹریلین اوپن ٹینس 6 مرتبہ، فرنچ اوپن ٹینس ایک مرتبہ، وامبلڈن اوپن ٹینس 8 مرتبہ جبکہ یو ایس اوپن ٹین 5 مرتبہ جیت چکے ہیں۔ دریں اثناء ٹینس کے پرستاروں کو رواں سال اپنے اسٹارز کو بہترین کارکردگی کے ساتھ ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔