کراچی کنگز آج پریکٹس کرے گی

180

کراچی(اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کی فرنچائز کراچی کنگز کی ٹیم آج پریکٹس سیشن کرے گی۔ کراچی کنگز کے میڈیا منیجر محمد فیصل مرزا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ2 روز آرام کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ2 روز آرام کے دوران کچھ کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہی وقت گذارا جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے اپنی فیملیز کے ساتھ وقت گذارا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کنگز کے آئندہ 9 دنوں میں 3 مختلف شہروں میں 5 میچز ہیں اور ٹیم کے کھلاڑی پوری طرح سے اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل مرزا نے کہا کہ پریکٹس کے بعد ٹیم ہوٹل روانہ ہوگی جس کے بعد ٹیم ملتان کے لئے روانہ ہوجائے گی۔