گھگھر پھاٹک : غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی پر علاقہ میدان جنگ بن گیا

180

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گھگھر پھاٹک میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر نے کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا ، قابضین کے پتھرائواور لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال سے اسسٹنٹ کمشنر ، تپیدار سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود گھگھر پھاٹک کے قریب سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں ڈی سی ملیر کی ہدایت پر اسٹنٹ کمشنر منشاد شہانی کی سربراہی میں گھگھر میں لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا ، قابضین کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور سرکاری عملے پر پتھرائو اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال شروع کر دیا ،ڈی سی ملیر کا عملہ محکمہ ریونیو بن قاسم کے افسران ، اینٹی انکروچمنٹ آپریشن پولیس و ضلع پولیس کی نفری اپنی جان بچا کر موقع سے فرار ہوگئی ، قابضین نے پتھرائو کر کے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے گئے،اور اسسٹنٹ مختارکار عبدالحفیظ ناریجو،ٹپیدار اے ڈی لغاری اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ، جبکہ اسسٹنٹ مختیار کار کو شدید چوٹیں آئی ہیں،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا کا سرغنہ اورکار سرکار میں مداخلت پر ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔