ٹیکس وصولی میں ناکام افسران کیخلاف کارروائی ہوگی،مکیش کمار

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ ان افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی جو اپنے اہداف کے مطابق اپنے زون میں پروفیشنل ٹیکس کی وصولی حاصل کرنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی ، ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسز کراچی اقبال احمد لغاری اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پروفیشنل ٹیکس کی طے شدہ رقم کی وصولی کے لیے پوری کوششیں کریں اور ہر صورت میں مقررہ ہدف کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور ٹیکسوں کی وصولی کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ٹیکسوں کی مجموعی وصولی کے اہداف کو بہر صورت حاصل کیا جائے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ دفتری ریکارڈ بشمول فائلوں اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھیں اور ان سے ٹیکسز کی وصولی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کریں تاکہ ٹیکسز کی وصولی کو بہتر بنایا جاسکے۔