سیاسی لوگوں کی مدد سے غیرقانونی بلڈنگیں بنائی جاتی ہیں،فردوس شمیم

393

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائد حزب اختلاف سندھ و سینئر رہنما پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے الٰہ دین پارک سے متصل رائل پارک اپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک کی عدالت عالیہ کا شکر گزار ہوں،کئی دہائیوں سے شہر کا برا حال ہے۔تجاوزات کے خلاف عدالت عظمیٰ کے اقدام کو سراہتے ہیں۔حیران ہوں کہ اگر بلڈنگ مسمار کرنے کا آغاز کرنا تھا تو ان سے کرتے جن کا پلان ہی منظور نہیں ہوا تھا۔شہریوں نے 419 پلاٹس کا منظور شدہ پلان دیکھ کر بکنگ کی تھی۔سیاسی لوگوں کی پشت پناہی میں غیر قانونی بلڈنگیں بن جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عدالت ذمے داران کے خلاف بھی کارروائی کرے اور ذمے داران کو سخت سزا دے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے لوگوں کا اعتبار اٹھتا جا رہا ہے۔اگر عدالت پینلٹی لگا کر لوگوں کے سرمایے کو محفوظ رکھ سکتی ہے تو بہت اچھا ہوگا۔عدالتی احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے سوال ہے کہ غریبوں کا کیا قصور ہے ۔کمزور کی گردن دبانا انصاف نہیں طاقتور کو کٹہرے لے جانا انصاف ہے۔فردس شمیم نے کہا کہ آباد فیصلہ نہیں کر سکتی زمین جائز ہے یا نا جائز جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کو سنجیدہ ہونا پڑے گا۔کے سی آر کے معاملے میں عدالت کا واضح حکم ہے کہ متبادل رہائش دیے بغیر کوئی تعمیرات مسمار نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پولیس بھی موقع پر موجود نہیں ہے جبکہ ایس بی سی اے کا بھی کوئی نمائندہ یہاں موجود نہیں ہے، اس سے ان کی سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔