کراچی کے پہلے سٹی ناظم اور سابق امیر جماعت نعمت اللہ خان انتقال کرگئے

909

کراچی/اسلام آباد/لاہور/مظفرآباد (اسٹاف رپورٹر+خبرایجنسیاں)کراچی کے پہلے سٹی ناظم اور سابق امیر جماعت اسلامی نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ 90برس کی عمر میںانتقال کرگئے ، وہ طویل عرصے سے صاحب فراش تھے ۔نعمت اللہ خان نے 7بیٹے اور 2بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی کے بعد نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی کو پھر سے روشنیوں اور امن کا شہر بنایا،شہرقائد کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار اداکیا،وہ کراچی اور قومی سطح پر ایک متحرک ، فعال اور معروف دینی و سیاسی اور سماجی شخصیت اور ضلعی نظامت کے دوران لازوال خدمات کے سبب ’’محسن کراچی ‘‘ کہلائے۔ 1985ء کے عام انتخابات میں ناظم آباد کے حلقہ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،اسمبلی میں کراچی کے حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کرتے رہے،دسمبر1991ء سے جولائی2001ء تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر رہے اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اور سرپرست بھی رہے۔ اگست 2001ء سے اگست 2005ء تک کراچی کے پہلے سٹی ناظم رہے اور شہر کے لیے بے مثال ترقیاتی کام کیے اور یہ عرصہ کراچی کا سنہرا دور قرارپایا۔اکتوبر 2005 ء کے زلزلے کے بعد اس وقت کے امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے انہیں الخدمت فاونڈیشن کا مرکزی صدر مقرر کیا۔نعمت اللہ خان 1997-98ء میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر بھی مقرر کیے گئے، اس ذمے داری پر رہتے ہوئے انہوں نے ٹھٹھہ اور تھرپارکر میں دعوتی و فلاحی اور عوامی خدمت کے کاموں کومنظم کیا۔نعمت اللہ خان طویل عرصے سے ہائی بلڈ پریشراور ذیابیطس جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے لیکن انہوں نے اپنی بیماریوں اور بڑھاپے کو کبھی کام کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیا۔ نعمت اللہ خان کے انتقال کی خبر ملتے ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام دفتر میں سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے فوری طور پر تعطیل کا اعلان کردیاگیا اور کے ایم سی کے ہیڈ آفس سمیت تمام محکمے نعمت اللہ خان کے انتقال کے سوگ میں بند کردیے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن شرقی، غربی، وسطی اور کورنگی میں بھی تمام جاری سرگرمیاں معطل کردی گئیں،آج بھی ان کی نماز جنازہ کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کو نماز جنازہ کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں ، ٹریفک کو رواں رکھنے اور نماز جنازہ میں شریک ہونے والے شہریوں کی رہنمائی کے لیے تمام راستوں پر سٹی وارڈنز تعینات کیے جائیں گے جبکہ آج کلفٹن میں واقع ان کے صاحبزادے کے گھر کے اطراف آنے والے سڑکوں پر سٹی وارڈنز پہلے ہی تعینات کردیے گئے ہیں تاکہ تعزیت کے لیے آنے والے لوگوں کی رہنمائی کرسکیں اور گھر کے اطراف ٹریفک جام نہ ہو، میئر کراچی نے ڈائریکٹر قبرستان کے ایم سی کو بھی ہدایت کی کہ قبرستان میں تدفین کے انتظام میں اہل خانہ کی بھرپور معاونت کریں۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور افسران و ملازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ نماز جنازہ میں بھرپور شرکت کرکے سابق ناظم نعمت اللہ خان کو خراج عقیدت پیش کریں۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عظیم انسان تھے، دعا گوہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے نعمت اﷲ خان کی وفات کو قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف ناظم کراچی کی حیثیت سے کراچی شہر کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کیا بلکہ آزاد کشمیر میں 2005ء کے زلزلہ کے بعد متاثرین کو ریلیف فراہمی اور ان کی دوبارہ آبادکاری میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں جنہیں آزاد کشمیر کے عوام مدتوں یاد رکھیں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نعمت اللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پیپلزپارٹی کیچیئرمین بلاول زرداری نے نعمت اللہ خان کے انتقال پر دکھ و افسوس اورسوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں بلاول نے کہا کہ نعمت اللہ خان کی کراچی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،دعاگو ہوںکہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں نعمت اللہ خان کی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے نعمت اللہ خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ادھر صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی اس شہر کے لیے جو خدمات انجام دیں اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ مرحوم کی جماعت اسلامی کے لیے بھی لازوال قربانیاں ہیں اور آج بھی ان کے لگائے گئے سماجی کاموں کے پودے پھل دے رہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے دعا کی اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ادھرامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر و سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے انتقال کی اطلاع پر فوری طور پر کراچی پہنچے ،وہ ائر پورٹ سے سیدھے مرحوم کی رہائش گاہ گئے اور لواحقین وپسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔نعمت اللہ خان کی دینی ،سیاسی وسماجی اور عوامی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِجمیل کی دعا کی۔اس موقع پرجماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ودیگر بھی موجو دتھے۔دریں اثناء سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ، وفاقی وزیر مملکت شہریار خان آفریدی ،میئر کراچی وسیم اختر، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ ، پی ٹی آئی کے ایم پی ایز راجا اظہر، عمر عمیری ،شہزاد قریشی، پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر، ماہر معاشیات ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی،جے یو آئی کے قاری عثمان اور دیگر نے نعمت اللہ خان کی رہائش گاہ پر لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور دعائے مغفرت کی اورمرحوم کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں ق لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین ‘ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی، مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن اور انفارمیشن سیکرٹری محمد صادق شیخ ، ،متحد ہ قومی مو ومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی اور سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کر تے ہو ئے کہا کہ ان کی رحلت سے جو خلاء پید ا ہو ا ہے اس کو کبھی پر نہیں کیا جا سکتا۔