نعمت اللہ خان کا انتقال کراچی کیلیے بہت بڑانقصان ہے‘ وسیم اختر

283
میئر کراچی وسیم اختر نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کے بعد حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ نعمت اللہ خان کا دنیا سے رخصت ہونا کراچی کے لییبہت بڑا نقصان ہے،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔میئر کراچی وسیم اختر نعمت اللہ خان کے انتقال کی خبر سنتے ہی فوری طور پر تعزیت کے لیے ڈیفنس میں واقع نعمت اللہ خان کے گھر پہنچے اور ان کے صاحبزادوں وسیم اقبال اور ندیم اقبال سے ملاقات کرکے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنمابھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے شہر کی خدمت میں اپنا موثر کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے نعمت اللہ خان کے ساتھ کام کیا ہے وہ کراچی کے لیے دردمند دل رکھتے تھے اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے خواہ تھے، انہوں نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میںآپ کے ساتھ ہیں،دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ نعمت اللہ خان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور افسران و ملازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ نماز جنازہ میں بھرپور شرکت کرکے سابق ناظم نعمت اللہ خان کو خراج عقیدت پیش کریں۔